آئینہ ابصار

علمی، ادبی، مذہبی، سیاسی اور سماجی موضوعات

سوشل میڈیا پر شئیر کریں

وجہ بیگانگی سلامت ہے

اپنی وارفتگی سلامت ہے

زخم وابستگی نہیں باقی

داغ دلبستگی سلامت ہے

اک بھرم ہے کہ ٹوٹتا ہی نہیں

جانے کیونکر ابھی سلامت ہے

آب اشکوں کی آیئنے کو تھی

عکس اب تک جبھی سلامت ہے

جان تو خیر نذر جاناں ہوئی

لذت جاں کنی ، سلامت ہے

شعلہء تمکنت تو بجھنے لگا

رقص دیوانگی سلامت ہے

ٹوٹ جائے تو گفتگو ہو گی

آپ کا دل ابھی سلامت ہے

۔۔۔۔۔۔۔۔

عصمت آگہی سلامت ہے

اس غدر میں یہی سلامت ہے

ظلمتیں کس طرح مسلط ہوں

منبع روشنی سلامت ہے

نا امیدی حرام ہے جب تک

رشتہ بندگی سلامت ہے

اور سب مدعی تو خاک ہوئے

ایک دعویٰ ابھی سلامت ہے

اس کا چہرہ ہی ایک چہرہ ہے

جس پہ سب کچھ ابھی سلامت ہے

اس کی آنکھیں ہی ایسی آنکھیں ہیں

جن میں وعدہ ابھی سلامت ہے

طاہر احمد بھٹی ، ۸ جون ۲۰۰۰

طاہر احمد بھٹی

طاہر احمد بھٹی ریڈیو پاکستان سے ۱۰ سال منسلک رہے ہیں۔ آجکل جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں مقیم ہیں۔ سماجی کاموں میں پیش پیش رہتے ہیں اور انسانی حقوق کی کئی تنظیموں کے ساتھ کام میں مصروف رہتے ہیں۔

لکھاری سے متعلق