آئینہ ابصار

علمی، ادبی، مذہبی، سیاسی اور سماجی موضوعات

پریس ریلیز، از، ترجمان جماعت احمدیہ ربوہ، پاکستان

سوشل میڈیا پر شئیر کریں

پریس ریلیز
بھلیر قصور میں انتہا پسندوں کی فائرنگ ۔احمدی نوجوان محمد آصف جاں بحق۔دوسرا شدید زخمی
علاقے میں کافی عرصے سے احمدیوں کی عبادت گاہ کے خلاف مہم چلائی جار ہی تھی اور ہراساں کیا جا رہا تھا۔
احمدیوں کو قانون کے مطابق تحفظ فراہم کرتے ہوئے نفرت انگیز ی پر مبنی مہم چلانے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے: ترجمان جماعت احمدیہ
چناب نگر 🙁 پریس ریلیز ) گذشتہ روز 24 اپریل رات پونے گیارہ بجے کے قریب انتہا پسندوں نے فائرنگ کر کے ایک احمدی نوجوان محمد آصف ولد رفیق احمد کو قتل کر دیا ۔جبکہ دوسرا نوجوان اثنان احمد فائرنگ کی زد میں آکرزخمی ہو گیا ۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق محمد آصف اور اثنان احمد موٹر سائیکل پر سوار جا رہے تھے۔وہ اپنے گھر سے تقریباًسو میٹر کے فاصلے پر تھے کہ انتہاپسندوں نے ان پر فائرنگ کر دی۔ محمد آصف کے کندھے پر کمر کی طرف سے گولی لگی جو آر پار ہوگئی جبکہ اثنان احمد کی ٹانگ میں گولی لگی۔ مسلح افراد ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔ریسکیو1122 نے دونوں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا تاہم محمد آصف زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے جاں بحق ہو گئے۔محمد آصف کی عمر 19 سال تھی ۔انہوں نے والدین کے علاوہ 2بہنوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔
بھلیر ضلع قصور کے علاقے میں گذشتہ دوسال سے انتہا پسند عناصرمختلف طریقوں سے احمدی احباب کو تنگ کر رہے ہیں۔احمدی عبادتگاہ کے خلاف مہم چلائی گئی اور اسے ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ اسی طرح قبل ازیں بھی احمدیوں کے گھروں پر فائرنگ کی گئی۔ احمدیوں کو راستے میں روک کر دھمکایا اورڈرایا جاتا رہا اور راستہ استعمال کرنے سے روکنے کی کوشش کی گئی۔کچھ عرصہ قبل ایک احمدی کو بری طرح زدوکوب کیا گیا۔کل کے واقعہ سے قبل دو مرتبہ براہ راست فائرنگ کی جا چکی ہے۔جس سے کئی گھروں کی دیواروں کو نقصان پہنچا تھا۔
ترجمان جماعت احمدیہ پاکستان عامر محمود نے احمدیوں کے خلاف تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ احمدیوں کو قانون کے مطابق تحفظ فراہم کیا جائے۔گذشتہ جمعہ 18 اپریل کو کراچی میں ایک معصوم احمدی کو ہجوم نے ظالمانہ تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کردیا تھا۔ ملک کے طول وعرض میں احمدیوں کے خلاف مسلسل نفرت پھیلائی جا رہی ہے اور کھلے عام احمدیوں کے قتل کے فتوے دیئے جاتے ہیں۔گذشتہ کئی مہینوں سے مذہبی انتہا پسند عناصر احمد ی عبادتگاہوں کا گھیراؤ کرتے ہوئے احمدیوں کو مذہبی فرائض کی ادائیگی سے زبردستی روک رہے ہیں اور احمدیوں کے خلاف نفرت پر مبنی مہم چلا رہے ہیں جس کے نتیجے میں احمدیوں کے جان ومال کو سنگین خطرات لاحق ہیں۔ ترجمان نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ محمد آصف صاحب کے قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے قانون کے مطابق سزا دی جائے###